اسلام آباد: عالمی ذرائع ابلاغ نے حالیہ امریکا ایران کشیدگی کے خاتمے میں پاکستان کے کردار کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے اس کی مؤثر سفارتکاری اور ملٹری ڈپلومیسی کو بھرپور انداز میں سراہا ہے۔ مختلف بین الاقوامی میڈیا اداروں نے پاکستان کو خطے میں امن و استحکام کا ضامن اور ایک ذمہ دار عالمی طاقت کے طور پر پیش کیا ہے۔
ایران کا جنگ بندی سے دستبرداری پر غور
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے نہایت دانشمندانہ حکمت عملی اور بروقت سفارتی اقدامات کے ذریعے ایک ممکنہ بڑی جنگ کو ٹالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اس کامیاب ثالثی نے نہ صرف خطے کو تباہ کن تصادم سے بچایا بلکہ عالمی سطح پر اس کی اہمیت اور ساکھ کو بھی مزید مضبوط کیا ہے۔
Al Jazeera کے مطابق پاکستان نے جنگ کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں امریکی صدر نے حملے روکنے کا فیصلہ کیا۔
اسی طرح Reuters نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ایک مضبوط ثالث کے طور پر ابھرا ہے۔
Fox News کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بات چیت کے بعد کشیدگی کم کرنے کا فیصلہ کیا۔
جبکہ BBC نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان کئی ہفتوں سے مسلسل سفارتی کوششوں میں مصروف رہا اور بالآخر امن کے قیام میں کامیابی حاصل کی۔
Gulf News کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے خود کو ایک قابل اعتماد ثالث کے طور پر منوایا۔
اسی طرح TRT World نے پاکستان کے کردار کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے خطے کو سنگین خطرات سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مزید برآں بھارتی جریدے The Hindu نے بھی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے جنگ کے خاتمے میں ان کے کردار کو اجاگر کیا۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی قیادت کی مدبرانہ حکمت عملی اور بروقت فیصلوں نے خطے کو ایک بڑی تباہی سے بچایا۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں پاکستان کا کردار اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی برادری پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مؤثر سفارتی قوت کے طور پر تسلیم کر رہی ہے۔
