کراچی: نارتھ ناظم آباد کے کھنڈو گوٹھ میں ڈپٹی کمشنر وسطی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر حمیر احمد نے لینڈ گریبرز کے خلاف بھرپور آپریشن کرتے ہوئے پاکستان ریلوے کی قیمتی زمین ناجائز قابضین سے واگزار کرا لی۔
پاکستان کی ثالثی پر بھارت میں سفارتی مایوسی
مذکورہ زمین تقریباً دو ایکڑ پر مشتمل ہے، جس پر قبضہ مافیا نے جھگیاں اور جھونپڑیاں قائم کر کے غیر قانونی قبضہ جما رکھا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر حمیر احمد کے مطابق کافی عرصے سے اس سرکاری اراضی پر قبضے کی کوششیں جاری تھیں، تاہم ضلعی انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
آپریشن کے دوران بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا جبکہ موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری بھی موجود تھی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
حمیر احمد نے واضح کیا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ شہر بھر میں سرکاری اراضی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ شہری علاقوں میں غیر قانونی قبضوں اور تعمیرات کی روک تھام کی جا سکے۔
