پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر قائد آباد کے علاقے 89 موڑ پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث راجو گینگ کے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
رینجرز کارروائی، کُمندان گینگ کے 4 ملزمان گرفتار
گرفتار ملزمان میں شاہ میر رشید عرف میر ولد عبدالرشید اور محمد اویس ولد غریب نواز شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 9 ایم ایم پستول بمعہ لائسنس، ایک میگزین، 13 روند، دو موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شاہ لطیف ٹاؤن، شیر پاؤ کالونی، قائد آباد اور ملحقہ علاقوں میں اسلحہ کے زور پر ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ اب تک تقریباً 50 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ چکے ہیں جبکہ چھینے گئے موبائل فونز اور موٹرسائیکلیں کم قیمت پر فروخت کر دیتے تھے۔
ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ گینگ کے دیگر افراد منشیات کی خرید و فروخت میں بھی ملوث ہیں۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم شاہ میر رشید کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔
رینجرز حکام کے مطابق گینگ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو اسلحہ و دیگر برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف معلومات فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا مددگار واٹس ایپ نمبر پر فراہم کریں تاکہ شہر میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
