سٹی پولیس ساؤتھ زون کراچی کے تحت تھانہ کھارادر پولیس نے 2 کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔
نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں رونقیں بحال
پولیس کے مطابق عید کے تیسرے روز بولٹن مارکیٹ میں واقع تاجر محمد زوہیب کے گودام سے 2 کروڑ روپے سے زائد رقم چوری ہوئی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او پون کمار نے انٹیلیجنس اور ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائیاں شروع کیں۔
تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو گودام سے بورا لے جاتے ہوئے دیکھا گیا، تاہم اندھیرے کے باعث شناخت ممکن نہ تھی۔ بعد ازاں ٹارگٹڈ کارروائی کے نتیجے میں ملزم شکیل کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے گودام کی چھت سے داخل ہو کر دراز توڑا اور رقم چوری کی، جسے وہ بوری میں بھر کر فرار ہو گیا تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 1 کروڑ 57 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کر لیے گئے ہیں۔
مدعی نے رقم کی برآمدگی پر پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں رقم ملنے کی امید نہیں تھی، تاہم پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے ان کا اعتماد بحال کیا۔ تاجر برادری نے بھی پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس اور تاجروں کے درمیان مضبوط اعتماد ہی شہر کے امن و استحکام کی ضمانت ہے۔
اس کامیاب کارروائی پر اسد رضا اور ایس ایس پی سٹی نے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
