کراچی (اسٹاف رپورٹر) – متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد میں ایک اہم اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سینئر مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار اور اراکین مرکزی کمیٹی نے کی۔ اجلاس میں سینٹرل آرگنائزنگ اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی (COCC)، سی او سی، مرکزی شعبہ اطلاعات، الیکشن سیل، لیبر ڈویژن اور شعبہ خواتین سمیت مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کمشنر کراچی کا فری سی ایس ایس کارنر کا دورہ، طلبہ کے لیے سہولت
اجلاس کے دوران تنظیمی امور، مستقبل کی حکمت عملی اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے تنظیمی نظم و ضبط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیاسی چیلنجز کے پیش نظر تمام شعبہ جات کے درمیان مضبوط ہم آہنگی اور مؤثر رابطہ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں اور عوامی خدمت کے مشن کو مزید تیز کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایک منظم اور متحرک تنظیم ہی عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمانی کر سکتی ہے، اس لیے نچلی سطح تک تنظیمی نیٹ ورک کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل اور خدمتِ خلق کے جذبے کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں۔
اجلاس میں آئندہ تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ سابق گورنر کامران ٹیسوری کے اعزاز میں 4 اپریل بروز ہفتہ خیر مقدمی پروگرام منعقد کیا جائے گا، جبکہ 5 اپریل بروز اتوار بہادر آباد مرکز پر جنرل ورکرز اجلاس ہوگا۔ ذمہ داران اور کارکنان کو ان پروگرامز کی تیاریاں فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اپنے تنظیمی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے تاکہ خدمتِ خلق کے کاموں میں مزید تیزی لائی جا سکے اور کارکنان کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا سکے۔ انہوں نے ذمہ داران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حق پرست قیادت متحد ہو کر عوام، بالخصوص مظلوم طبقات کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

