سندھ کابینہ نے مزارات کے ترقیاتی منصوبے کی منظوری دے دی

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر کے مزارات اور مذہبی مقامات کی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں موجودہ اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی نوعیت، لاگت اور عملدرآمد کے شیڈول پر روشنی ڈالی گئی۔

میرپورخاص بورڈ میں نتائج میں بدعنوانی کا اسکینڈل

اجلاس میں خیرپور کے درازہ شریف میں حضرت سچل سرمستؒ لائبریری کے قیام کے منصوبے کی منظوری دی گئی، جس کی کل لاگت 5 کروڑ 15 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ لائبریری کے قیام سے نہ صرف علاقے میں تعلیمی اور ادبی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ زائرین کو بھی علمی سہولیات میسر آئیں گی۔

اسی طرح مٹیاری کے بھٹ شاہ میں حضرت شاہ لطیف بھٹائیؒ کے مزار پر ترقیاتی منصوبے بھی منظوری پا گئے، جس میں مزار کے اندرونی سڑکوں کی بحالی اور نئے 200 کے وی اے ٹرانسفارمر کی تنصیب شامل ہے۔ اس منصوبے کے لیے 3 کروڑ 36 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ زائرین کے لیے سہولت اور آرام دہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے دونوں منصوبوں کے لیے 25 فیصد فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت کی ہے اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں زور دیا گیا کہ مزارات کی بحالی اور ترقیاتی منصوبے نہ صرف زائرین کے لیے سہولت فراہم کریں بلکہ مذہبی و ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات کی حفاظت اور فروغ کا سبب بھی بنیں۔

یہ اقدامات صوبے میں مذہبی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے اور زائرین کے لیے معیاری سہولیات فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہیں۔

2 thoughts on “سندھ کابینہ نے مزارات کے ترقیاتی منصوبے کی منظوری دے دی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!