اسلام آباد/کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات اسمگلنگ کے خلاف وسیع کارروائی کی، جس کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار اور مجموعی طور پر 31.7 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جس کی مالیت تقریباً 23 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
سندھ کابینہ نے مزارات کے ترقیاتی منصوبے کی منظوری دے دی
تعلیمی اداروں کے نزدیک کارروائی کے دوران ہری پور میں ایک کالج کے قریب سے 300 گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ طلباء کو منشیات فروخت کرتا تھا، جس کے بعد مزید تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
دیگر شہروں میں بھی چھاپے کامیاب رہے۔ سہراب گوٹھ کراچی میں ایک ملزم کے قبضے سے 15 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ پیرودھائی راولپنڈی میں گاڑی سے 3.6 کلو چرس ضبط کی گئی۔ اسی علاقے کے بس ٹرمینل کے قریب ایک اور کارروائی میں 2.4 کلو چرس برآمد ہوئی۔
شیخوپورہ کے ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم سے 2.4 کلو چرس حاصل کی گئی۔ جنجال گوٹھ کراچی کے قریب چھاپے میں 8 کلو چرس اور 111 بوتلیں شراب برآمد کی گئیں۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق تمام کارروائیاں انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت انجام دی گئیں اور ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائیاں ملک بھر میں منشیات کی فروخت اور اسمگلنگ کے سدباب کے لیے جاری رہیں گی۔

