نئی دہلی: بھارت کی دفاعی خریداری کونسل نے تقریباً 25 ارب ڈالر مالیت کے متعدد دفاعی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، جس میں فضائی، زمینی اور بحری دفاعی صلاحیتوں کی مضبوطی کے لیے مختلف ساز و سامان شامل ہیں۔
مشرق وسطیٰ کی جنگ میں پاکستان ٹرانس شپمنٹ کا عالمی مرکز بن گیا
غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق منظور شدہ منصوبوں میں درمیانے درجے کے ٹرانسپورٹ طیارے، روسی ساختہ S-400 فضائی دفاعی نظام، اور بغیر پائلٹ حملہ آور طیاروں کی خریداری شامل ہے۔
بھارتی حکومت کے مطابق دفاعی خریداری کونسل نے بھارتی فوج کے لیے ائیر ڈیفنس ٹریکڈ سسٹم، آرمر پیئر سنگ ٹینک ایمونیشن، ہائی کیپیسٹی ریڈیو ریلے سسٹم، دھنوش گن سسٹم، اور رن وے انڈیپینڈنٹ ائیریل سرویلنس سسٹم کی منظوری دی ہے۔
بھارتی فضائیہ کے لیے درمیانے درجے کے ٹرانسپورٹ طیارے، طویل فاصلے تک مار کرنے والے S-400 زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم، بغیر پائلٹ حملہ آور طیارے، اور Su-30 طیاروں کے انجن کی اوورہالنگ کی سفارشات بھی منظور کی گئی ہیں۔
اسی طرح بھارتی کوسٹ گارڈ کے لیے ہیوی ڈیوٹی ائیر کشن وہیکلز کی خریداری کی منظوری بھی دی گئی ہے، جس سے سمندری حدود میں سیکیورٹی اور آپریشنل صلاحیت میں اضافہ متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ دفاعی منصوبے بھارت کی فضائی، زمینی اور بحری صلاحیت کو مزید مستحکم کریں گے اور خطے میں دفاعی توازن پر اثر ڈال سکتے ہیں۔
