آئی جی سندھ اور امیر جماعت اسلامی کراچی کی ملاقات، امن و امان پر گفتگو

کراچی: انسپکٹر جنرل پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اہم ملاقات کی، جس میں شہر کے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور اس کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بھارت نے 25 ارب ڈالر کے دفاعی منصوبوں کی منظوری دے دی

ملاقات کے دوران آئی جی سندھ نے کراچی میں جرائم، منشیات کے پھیلاؤ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے سندھ پولیس کی جاری کارروائیوں اور حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اقدامات کر رہی ہے، جس میں عوام دوست پولیسنگ اور شہری سہولیات کی فراہمی کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے مزید کہا کہ سندھ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کراچی میں پائیدار امن کے قیام، جرائم کے خاتمے اور ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے مشترکہ اور اجتماعی کوششوں کو مزید فروغ دینا ناگزیر ہے۔

اس موقع پر منعم ظفر خان نے شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے سندھ پولیس کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ترجمان انسپکٹر جنرل پولیس سندھ سید سعد علی کے مطابق یہ ملاقات کراچی میں امن و امان کے استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

One thought on “آئی جی سندھ اور امیر جماعت اسلامی کراچی کی ملاقات، امن و امان پر گفتگو

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!