کراچی: محمد شاداب رضا نقشبندی نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں کرائم میٹنگ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں اور مبینہ سازشوں سے مسلم ممالک کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، جبکہ اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ہی امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
محمد شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور امریکا و اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی کارروائیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، فلسطین اور غزہ میں مسلمانوں کے خلاف مظالم جاری ہیں، جن پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنماؤں کے خلاف بھارتی عدالتوں کے فیصلوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سزائیں انصاف کے تقاضوں کے منافی ہیں اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو جرم بنا دیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کی ایک بڑی وجہ دینی تعلیمات سے دوری ہے، اور دشمن قوتیں مسلمانوں کو تقسیم کر کے ان کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام دو قومی نظریے کی بنیاد پر عمل میں آیا اور ملک کے خلاف سازشوں کو اتحاد، امن اور بھائی چارے کے ذریعے ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع اور استحکام کے لیے قوم کو متحد رہنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مسلم ممالک کے حکمران باہمی اتحاد کا مظاہرہ کریں تو کوئی طاقت انہیں نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
