کراچی: ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس میں ہفتہ وار کرائم میٹنگ مہزور علی کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس میں تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات، خطے کی صورتحال اور قومی سلامتی پر مشاورت
اجلاس کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور مختلف تھانوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں اسٹریٹ کرائم، سنگین جرائم، منشیات فروشی، گٹکا و ماوا کی غیر قانونی ترسیل، منظم جرائم اور اشتہاری و مفرور ملزمان کے خلاف جاری کارروائیوں پر خصوصی غور کیا گیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے سال 2026 کے دوران پیش آنے والے سنگین مقدمات اور ان کی تفتیش میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور ایسے کیسز جن کے ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہو سکے، ان کی فوری گرفتاری کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ریپیٹ آفینڈرز، اشتہاری اور مفرور ملزمان کی فہرستوں کا بغور جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ ان کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔
مہزور علی نے منشیات کے خاتمے کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے لسٹڈ منشیات فروشوں، تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات کی سرگرمیوں اور گٹکا و ماوا کی ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے غیر قانونی طور پر مقیم افراد، بالخصوص افغان باشندوں اور مشکوک شناختی دستاویزات رکھنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث گروہوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ اور ٹارگٹڈ آپریشنز کرنے، جبکہ مختلف علاقوں میں کومبنگ، سرچ آپریشنز اور اسنیپ چیکنگ کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے پر زور دیا۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلع ساؤتھ میں جرائم کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
