کراچی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کا واقعہ، ایس بی سی اے کے 6 افسران معطل، ڈائریکٹر چنیسر ٹاؤن بھی شامل

کراچی: کراچی ایڈمنسٹریشن ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، بلاک 4 میں زیرِ تعمیر عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے سخت کارروائی کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 6 افسران کو معطل کر دیا۔

کمشنر کراچی کے مطابق معطل کیے جانے والے افسران میں ڈائریکٹر چنیسر ٹاؤن، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور بلڈنگ انسپکٹرز بھی شامل ہیں۔ واقعے کے حوالے سے ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور کسی کو بھی قانون کے مطابق کارروائی سے استثنیٰ نہیں دیا جائے گا۔

دستیاب سرکاری معطلی کے احکامات کے مطابق ڈائریکٹر چنیسر ٹاؤن انجینئر عبدالصمد جملانی، ڈپٹی ڈائریکٹر مجید علی مگسی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شفیع محمد مگسی، بلڈنگ انسپکٹر جاوید قادر، بلڈنگ انسپکٹر ساجد علی ڈیٹھو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر/ڈپٹی ڈائریکٹر (لُک آفٹر) رضا حسین خشک کو فوری طور پر معطل کیا گیا ہے۔

25 نومبر 2026 کو جاری کردہ احکامات میں متعلقہ افسران کو ایس بی سی اے کے ایڈمنسٹریشن سیکشن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، جبکہ ان کے خلاف شوکاز نوٹس الگ سے جاری کیے جانے کا ذکر ہے۔

دوسری جانب عمارت گرنے کے نتیجے میں اب تک تین افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کی ہے، جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے اور دیگر افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو آپریشن رات گئے تک جاری رہا۔

کمشنر کراچی نے واضح کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور غفلت یا کوتاہی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کراچی میں غیر قانونی تعمیرات، عمارتوں کی نگرانی اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کے حوالے سے ایک بار پھر اہم سوالات سامنے آگئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!