کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمٰن کی صاحبزادی ماروی خورشید ملک کے انتقال پر سیاسی و سماجی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے شیری رحمٰن کی رہائش گاہ پہنچ کر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
سندھ ہائیکورٹ کا غیرقانونی تعمیرات مسمار کرنے کا حکم، مختلف کیسز میں ضمانتیں منظور
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے مرحومہ کے والد سید ندیم حسین سے بھی ملاقات کی اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہونے کا یقین دلایا۔ انہوں نے مرحومہ ماروی خورشید ملک کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
تعزیتی ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی اور پیپلز پارٹی کے رہنما جمیل سومرو بھی موجود تھے۔ رہنماؤں نے شیری رحمٰن اور ان کے اہل خانہ کو دلاسہ دیا اور اس سانحے کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پارٹی اور قوم شیری رحمٰن کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔
واضح رہے کہ ماروی خورشید ملک کے انتقال پر ملک بھر کی سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات کی جانب سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ تعزیت کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
