کراچی (اسٹاف رپورٹر): ماہِ رمضان کے دوران کراچی کی شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ غیر معمولی حد تک بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر میں سرکاری، نجی اور کاروباری اداروں میں بیک وقت چھٹی ہونے کے باعث روڈز پر گاڑیوں کا رش بڑھ گیا ہے۔
حکومت سندھ نے رمضان کے دوران سرکاری دفاتر کے اوقات صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک مقرر کیے ہیں، جبکہ پہلے سرکاری دفاتر صبح 8 سے 2 بجے اور نجی دفاتر 9 سے 3 یا 4 بجے تک کھلے رہتے تھے۔ اس تبدیلی کے بعد شہر کی مصروف شاہراہیں کاروباری مراکز، نجی دفاتر اور سرکاری عمارتوں کے ساتھ منسلک ہونے کی وجہ سے رش زدہ ہو گئی ہیں۔
ماہرین اور شہریوں کا کہنا ہے کہ جاری تعمیراتی کام بھی ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والا بڑا سبب ہے۔ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور مرمت کے کام شہریوں کے لیے مشکلات بڑھا رہے ہیں اور عام شہری روزانہ کی بنیاد پر گھنٹوں جام میں پھنسنے پر مجبور ہیں۔
شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ رمضان کے دوران ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے اضافی اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہری بروقت اپنے مقامات پر پہنچ سکیں اور دفتری اور کاروباری امور متاثر نہ ہوں۔
