کراچی (اسٹاف رپورٹر): ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے شہر میں نو پارکنگ مقامات پر کھڑی موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کا اعلان کردیا ہے۔ نئے احکامات کے مطابق اب نو پارکنگ میں کھڑی موٹر سائیکلوں کو پولیس اٹھا کر تھانے منتقل نہیں کرے گی، بلکہ موقع پر ہی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کراچی میں ماہِ رمضان کے دوران ٹریفک کا شدید دباؤ، شہریوں کو مشکلات
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی جانب سے جاری ہدایات کے تحت نو پارکنگ میں کھڑی موٹر سائیکلوں کو مخصوص لاک یا چین لگا دی جائے گی۔ موٹر سائیکل کے مالک کو جرمانہ ادا کرنے کے بعد ہی اپنی گاڑی واپس حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو غیر ضروری پریشانی سے بچانا اور ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔
مزید برآں، بغیر نمبر پلیٹ نو پارکنگ میں کھڑی موٹر سائیکلوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق ایسی موٹر سائیکلوں کے مالکان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے گا تاکہ غیر رجسٹرڈ اور مشکوک گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کے لیے یہ اقدامات ناگزیر تھے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی گاڑیاں مقررہ پارکنگ مقامات پر ہی کھڑی کریں تاکہ شاہراہوں پر ٹریفک کا بہاؤ متاثر نہ ہو۔
