رمضان میں مہنگائی برداشت نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ کا سخت پرائس کنٹرول کا حکم، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

کراچی: وزیراعلیٰ ہاؤس میں سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ماہِ رمضان المبارک کے دوران مہنگائی پر قابو پانے، عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اولڈ سٹی ایریا میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، پاکستان چوک اور لائٹ ہاؤس کلیئر

وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ رمضان المبارک میں مہنگائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور ذخیرہ اندوزوں و منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ رمضان میں مہنگائی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 870 دکانوں کی چیکنگ کی گئی اور 24 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

سندھ کابینہ کے اہم فیصلے

سندھ کابینہ نے ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو خصوصی مجسٹریٹ اختیارات تفویض کرنے کی منظوری دے دی۔ پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت فوری جرمانے اور کارروائی کے اختیارات بھی دے دیے گئے ہیں تاکہ مصنوعی مہنگائی کا سدباب کیا جا سکے۔ کابینہ نے اس اقدام کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دیتے ہوئے پرائس کنٹرول کو مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

اجلاس میں شہر کراچی کی سڑکوں کی بحالی کے لیے 8 ارب 53 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
گل پلازہ آتشزدگی متاثرین کے لیے 7 ارب روپے بطور معاوضہ منظور کیے گئے۔
آئی آئی چندریگر روڈ پر تاریخی عمارت کے تحفظ کے لیے ایک ارب 57 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔
حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لیے 5 ارب 20 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔
کچے کے علاقوں میں آپریشن کے لیے سندھ پولیس کو 56 کروڑ روپے فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔

مزید برآں آئی ٹی اور نوجوانوں کی تربیت کے لیے پیپلز آئی ٹی پروگرام فیز ٹو کے تحت 90 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ روزگار کے مواقع اور آئی ٹی تربیت صوبے کا مستقبل ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور سخت نگرانی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

58 / 100 SEO Score

2 thoughts on “رمضان میں مہنگائی برداشت نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ کا سخت پرائس کنٹرول کا حکم، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!