کراچی: کراچی واٹر کارپوریشن کے ریونیو پروٹیکشن اینڈ انفورسمنٹ سیل نے منگھوپیر روڈ کی کنواری کالونی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پانی چوری کے ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران 13 ملزمان کو گرفتار جبکہ چوری شدہ پانی فروخت کے لیے استعمال ہونے والے 7 واٹر ٹینکرز کو ضبط کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انفورسمنٹ سیل کے انچارج آپریشن ندیم مقبول کو اطلاع ملی تھی کہ کنواری کالونی میں غیر قانونی ہائیڈرنٹ قائم کر کے سرکاری لائن سے پانی چوری کیا جا رہا ہے۔ ایم ڈی کارپوریشن کی ہدایت پر انفورسمنٹ سیل نے پولیس اور پاکستان رینجرز (سندھ) کے ہمراہ ابراہیم مسجد کے قریب مشترکہ چھاپہ مار کارروائی کی۔
چھاپے کے دوران ایک غیر قانونی ہائیڈرنٹ برآمد ہوا جہاں ایک بوتل پمپ زیر زمین پائپ لائن سے منسلک پایا گیا۔ پائپ لائن کا تعاقب کرنے پر ایک سرنگ کا انکشاف ہوا جو براہ راست واٹر کارپوریشن کی 66 انچ قطر کی حب ٹرنک لائن (ایچ ٹی ایم لائن) سے جڑی ہوئی تھی۔ سرنگ کے ذریعے لاکھوں گیلن پانی چوری کر کے بڑے ٹینک میں ذخیرہ کیا جا رہا تھا، جہاں سے ثمر پمپ کے ذریعے پانی واٹر ٹینکرز میں منتقل کیا جاتا تھا۔
انفورسمنٹ سیل نے بھاری مشینری کے ذریعے غیر قانونی ہائیڈرنٹ، سرنگ اور پائپ لائن نیٹ ورک کو مکمل طور پر مسمار کر دیا۔ گرفتار ملزمان اور ضبط شدہ واٹر ٹینکرز کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انفورسمنٹ سیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں پانی چوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔


