کراچی میں شہری انتظامیہ نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حاظم بھنگوار کی نگرانی میں اولڈ سٹی ایریا میں رات گئے بھرپور انکروچمنٹ ڈرائیو کی گئی۔
سندھ رینجرز کی لیاری میں کارروائی، ڈکیتی میں ملوث یو سی کونسلر گرفتار
انتظامیہ کی ٹیموں نے پاکستان چوک، لائٹ ہاؤس، گاڑی احاطہ اور ملحقہ علاقوں میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم کچی و پکی تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا جبکہ پولیس کی نفری بھی موقع پر موجود رہی تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے تجاوزات کے خلاف تسلسل کے ساتھ کارروائیاں جاری ہیں، تاہم بارہا تنبیہ کے باوجود تجاوزات مافیا باز نہیں آ رہی تھی، جس کے باعث سخت ایکشن لینا ناگزیر ہو گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی کی بحالی اور فٹ پاتھوں کو پیدل چلنے والوں کے لیے خالی کرانے تک بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ کارروائی کے دوران متعدد غیر قانونی ڈھانچے مسمار کیے گئے جبکہ سامان بھی ضبط کر لیا گیا۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اراضی پر قبضے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
