کراچی: سندھ پولیس کے ایسٹ زون میں ہفتہ وار کرائم میٹنگ ڈی آئی جی پی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس میں ضلعی ایس ایس پیز اور انوسٹی گیشن ونگ ایسٹ زون کے ایس ایس پیز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلعی ایس ایس پیز نے اپنے اپنے اضلاع کے تمام تھانوں میں ہونے والے ہفتہ وار جرائم، انسداد جرائم کی کارروائیوں اور گرفتار ملزمان کی تفصیلی رپورٹس پیش کیں۔ میٹنگ میں قتل، اقدام قتل، چوری، ہاؤس رابری، وہیکل چوری و اسنیچنگ اور اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے کیے گئے عملی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ مساجد، تراویح کے اجتماعات، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر ناکہ بندی کر کے مشکوک افراد کی چیکنگ یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے حالیہ بارڈر ایریا کشیدگی کے پیش نظر حساس تنصیبات اور اہم عمارات کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، پُرامن ماحول کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی گئی اور ان کے اقدامات کو سراہا گیا۔

