محکمہ صحت پنجاب نے سرکاری اسپتالوں اور طبی اداروں میں چھٹیوں کی منظوری سے متعلق نئے احکامات جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت سینئر ڈاکٹرز کی رخصت کی منظوری کا اختیار اسپتال انتظامیہ سے واپس لے لیا گیا ہے۔
راولپنڈی: لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، چار بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد ہلاک
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیچنگ اسپتال اور دیگر طبی ادارے اب صرف گریڈ 17 تک کے ملازمین کی زیادہ سے زیادہ 89 دن کی رخصت منظور کر سکیں گے۔ اس سے قبل تمام ڈاکٹرز اور سرکاری ملازمین کی 89 روزہ چھٹی کی منظوری کا اختیار اسپتالوں کے سربراہان کے پاس تھا۔
نئے احکامات کے تحت سینئر رجسٹرار سے لے کر پروفیسرز تک کی چھٹیوں کی منظوری اب محکمہ صحت کے متعلقہ افسران دیں گے۔ اسی طرح گریڈ 18 سے 20 کے جنرل کیڈر ڈاکٹرز کی ہر قسم کی رخصت بھی محکمہ صحت سے منظور کرانا لازمی ہوگی۔
البتہ خواتین ڈاکٹرز اور ملازمین کی میٹرنٹی اور عدت کی چھٹیوں کی منظوری کا اختیار بدستور اسپتال انتظامیہ کے پاس برقرار رکھا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ان اقدامات کا مقصد چھٹیوں کے نظام کو منظم بنانا، انتظامی نگرانی کو بہتر کرنا اور طبی خدمات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
