کراچی — یو اے ای سواٹ چیلنج 2026 کے دوسرے روز اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU SWAT) سندھ پولیس کی سواٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہوسٹیج ریسکیو ایونٹ میں اپنے روایتی حریف بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ایس ایس یو سواٹ ٹیم نے چیلنج صرف 01 منٹ 15 سیکنڈز میں مکمل کر کے واضح برتری حاصل کی، جبکہ بھارتی نیشنل سیکیورٹی گارڈ (NSG) کی ٹیم نے یہ چیلنج 01 منٹ 29 سیکنڈز میں مکمل کیا۔ اس طرح پاکستانی ٹیم نے ٹیکٹیکل مہارت، رفتار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی برتری ثابت کر دی۔
ایس ایس یو سواٹ ٹیم کی اس شاندار کارکردگی پر ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی سندھ پولیس اور پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے۔
یو اے ای سواٹ چیلنج میں ایس ایس یو کے ساتھ ساتھ پنجاب پولیس بھی پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہے۔ دبئی پولیس کے زیرِ اہتمام جاری یو اے ای سواٹ چیلنج 2026، 11 فروری تک جاری رہے گا، جس میں دنیا بھر کے 52 ممالک کی 118 سواٹ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
یہ مقابلہ دنیا کے مشکل ترین اور اعلیٰ معیار کے ٹیکٹیکل مقابلوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں، ٹیم ورک اور آپریشنل مہارتوں کا عملی امتحان لیا جاتا ہے۔
