کراچی: پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام میری ٹائم سیکیورٹی مشق سی گارڈ–2026 کی افتتاحی بریف کراچی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں کمانڈر کوسٹ، وائس ایڈمرل فیصل امین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ سی گارڈ–2026 اس سلسلے کی تیسری مشق ہے، جو 2 تا 9 فروری 2026 تک جاری رہے گی۔
یہ مشق قومی سطح پر ایک اہم کاوش ہے جس کے تحت بحری شعبے سے وابستہ مختلف اداروں بشمول شپنگ، ماہی گیری، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور نجی شعبے کی نمائندہ تنظیموں کو یکجا کر کے سمندر میں درپیش مختلف نوعیت کے چیلنجز کا مشترکہ مقابلہ کرنا ہے۔
مشق سی گارڈ کا بنیادی مقصد میری ٹائم سیکٹر میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ پاکستان اور اس سے ملحقہ سمندری حدود کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔ اس سرگرمی میں مختلف منظرناموں پر مبنی عملی مشقیں اور ٹیبل ٹاپ مباحثے شامل ہیں، جن کے ذریعے پاکستان کی ساحلی پٹی کی حفاظت کے طریقۂ کار کو جانچنے اور بہتر بنانے کی مشق کی جاتی ہے۔
افتتاحی بریف کے دوران شرکاء کو جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) کے طریقۂ کار اور افادیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وائس ایڈمرل فیصل امین نے اس قومی سطح کی مشق کے انعقاد پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی شرکت اور کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا، جبکہ قومی سطح پر میری ٹائم آگاہی کے فروغ میں میڈیا کے مؤثر کردار کو بھی سراہا۔
افتتاحی بریف میں پاک بحریہ کے افسران، سرکاری اداروں کی قیادت، نجی شعبے کی نمایاں شخصیات اور ماہی گیری کے شعبے سے وابستہ نمائندگان نے شرکت کی۔
(ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز، نیوی)
