کراچی (ایسٹ زون): بن قاسم پولیس نے دورانِ گشت بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اسٹیل مل سے لوہا، تانبا اور اسکریپ چوری کرنے میں ملوث 4 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران پولیس نے بھاری مقدار میں قیمتی دھاتیں بھی برآمد کر لیں۔
موہن جو دڑو میں تاریخی پیش رفت، شہر کی قدیم حفاظتی فصیل دریافت
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں اسٹیل مل کے دو سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں، جو اندرونی سہولت کاری کے ذریعے چوری کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ دونوں سیکیورٹی اہلکار اسٹیل مل سے قیمتی دھاتوں کی منظم چوری میں سہولت فراہم کرتے رہے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 80 کلوگرام کاپر وائرز برآمد کیں، جبکہ چوری شدہ سامان کی ترسیل میں استعمال ہونے والی کرولا گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان گاڑی کے ذریعے چوری شدہ سامان مختلف کارخانوں میں منتقل کر رہے تھے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت اسٹیل مل کے سیکیورٹی اہلکار عمیر ضیاء اور نعیم اختر جبکہ دیگر ملزمان رانوں اور عبدالقادر کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان چوری شدہ لوہا، تانبا اور اسکریپ مختلف اسکریپ ڈیلرز اور کباڑیوں کو فروخت کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ کی بھی جانچ کی جا رہی ہے، جبکہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

