کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سال 2026 صوبہ سندھ کے لیے ترقی، عوامی سہولت اور استحکام کا سال ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے صوبے بھر میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے جامع اور مؤثر حکمتِ عملی اختیار کر لی ہے۔
سندھ بھر میں فصلی باقیات جلانے پر پابندی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی: ڈی جی سیپا
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کی توجہ عوامی مسائل کے پائیدار حل، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور شہری و دیہی علاقوں کے درمیان ترقیاتی فرق کو کم کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2026 میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت سڑکوں، پلوں، ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم، پانی اور نکاسی آب کے متعدد منصوبے عملی شکل اختیار کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں انفراسٹرکچر کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ شہر میں سڑکوں کی بحالی، پلوں اور انڈر پاسز کی تعمیر، ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے نئے روٹس اور پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں، جن سے شہریوں کو سفر میں سہولت اور وقت کی بچت میسر آئے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے، جس کے تحت ڈبل ڈیکر بسیں، ای وی بسز، نئی بس سروسز، خواتین کے لیے محفوظ سفری سہولتیں اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ منصوبے شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں بھی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ سال 2026 کے منصوبوں میں اسکولوں اور اسپتالوں کی اپ گریڈیشن، نئی طبی سہولتوں کا قیام اور عملے کی استعدادِ کار میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
سینئر وزیر کے مطابق پانی کی قلت اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لیے بھی متعدد منصوبے 2026 میں مکمل ہونے جا رہے ہیں۔ نہروں کی بہتری، ڈرینج سسٹم کی اپ گریڈیشن اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات حکومت سندھ کے طویل المدتی وژن کا حصہ ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، رفتار اور معیار کو یقینی بنا رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو صرف وعدے نہیں بلکہ عملی نتائج نظر آئیں اور سال 2026 میں سندھ کے شہری ترقی کی انقلابی تبدیلی کو خود محسوس کریں۔
