اسلام آباد: گلوبل اکنامک گیلپ سروے کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے اقتصادی خوشحالی اور عالمی امن کے حوالے سے بھارت اور عالمی اوسط دونوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سروے کے مطابق 2026 کے آغاز پر پاکستانی عوام میں مجموعی امید، معیشت اور امن کے بارے میں نمایاں طور پر مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔
سال 2026 سندھ میں ترقی، سہولت اور استحکام کا سال ہوگا: شرجیل انعام میمن
گلوبل اکنامک گیلپ سروے، جو دنیا کے 60 ممالک میں کیا گیا، کے مطابق پاکستان میں 51 فیصد افراد آنے والے سال کے بارے میں پُرامید ہیں، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 31 فیصد کا نیٹ مثبت رجحان بنتا ہے۔ اقتصادی حوالے سے 53 فیصد پاکستانیوں نے 2026 کو خوشحالی کا سال قرار دیا، جو کہ بھارت میں 39 فیصد اور عالمی اوسط 24 فیصد سے کہیں زیادہ ہے۔
سروے میں امن کے حوالے سے بھی پاکستان کی کارکردگی نمایاں رہی۔ اعداد و شمار کے مطابق 52 فیصد پاکستانیوں کو امید ہے کہ دنیا میں امن بڑھے گا، جبکہ بھارت میں یہ شرح صرف 26 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں امن اور مستقبل کے حوالے سے یہ امیدیں 1994 کے بعد بلند ترین سطحوں میں سے ایک ہیں۔
گیلپ سروے کے مطابق یہ رجحان ماضی میں خاص طور پر 1990 کی دہائی کے آخر اور 2010 کی دہائی کے وسط میں بھی دیکھنے میں آیا تھا، تاہم حالیہ نتائج غیر یقینی عالمی حالات کے باوجود پاکستانی عوام کے اعتماد اور مثبت سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔
سروے میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان نے عالمی سطح پر تین اہم پیمانوں، مجموعی امید، اقتصادی خوشحالی اور امن کی توقع، میں اوسط سے بہتر کارکردگی دکھائی ہے، جن میں سے دو پیمانوں میں پاکستان نے بھارت پر سبقت حاصل کی۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر یہ نتائج پاکستان کے بارے میں ایک مثبت اور حوصلہ افزا تصویر پیش کرتے ہیں۔
