ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کی زیرِ صدارت ہفتہ وار کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ضلع کورنگی کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور تمام تھانوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میجر عدیل زمان شہید کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا، آرمی چیف کی شرکت
میٹنگ کے دوران اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی، گٹکا ماوا کی سپلائی، آرگنائزڈ جرائم اور مفرور و اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری کارروائیوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ ایس ایس پی کورنگی نے تمام ایس ایچ اوز کو واضح اور سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں، قمار بازی اور دیگر سماج دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا تفریق کارروائیاں کی جائیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کو اولین ترجیح دی جائے جبکہ اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث گروہوں کی نشاندہی کر کے انہیں ٹریس کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ایس ایس پی کورنگی نے مزید ہدایت کی کہ جرائم کی مؤثر روک تھام کے لیے جدید اور عملی کرائم پریوینشن و ڈیٹیکشن طریقۂ کار اپنائے جائیں، جبکہ سنیپ چیکنگ، ٹارگٹڈ کارروائیاں اور کومبنگ سرچ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں۔
انہوں نے تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، تعاون اور شفاف طرزِ عمل کو یقینی بنانے پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت، بدسلوکی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
میٹنگ کے اختتام پر ایس ایس پی کورنگی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع کورنگی میں جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر مؤثر عملدرآمد جاری رکھا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
