سٹی کورٹ کراچی میں یوٹیوبر رجب بٹ پر تشدد کا معاملہ، ایک درجن سے زائد وکلا کے خلاف مقدمہ درج

کراچی سٹی کورٹ میں پیشی کے دوران یوٹیوبر رجب بٹ پر تشدد کے واقعے کے بعد ایک درجن سے زائد وکلا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب رجب بٹ مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں درج مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کے لیے عدالت پہنچے تھے۔

ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کی زیرِ صدارت ہفتہ وار کرائم میٹنگ، زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز سٹی کورٹ کے احاطے میں موجود بعض وکلا نے رجب بٹ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے۔ واقعے کی ویڈیو میں رجب بٹ کو پھٹی ہوئی قمیض میں ہجوم کے درمیان دیکھا جا سکتا ہے۔ رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق نے بتایا کہ ان کے مؤکل پر عدالت کے احاطے میں جان لیوا حملہ کیا گیا۔

واقعے کا مقدمہ رجب بٹ کے وکیل کی درخواست پر درج کیا گیا، جس میں ایڈووکیٹ ریاض علی سولنگی، ایڈووکیٹ عبدالفتاح سمیت 15 سے 20 دیگر وکلا کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 147 (فساد)، 148 (مسلح ہو کر فساد)، 382 (تشدد کے بعد چوری)، 506 (مجرمانہ دھمکیاں) اور 337-A (سر اور چہرے پر تشدد) کے تحت درج کیا گیا ہے۔

مدعی کے مطابق جب رجب بٹ ویسٹ بلڈنگ کے قریب عدالت کے اندرونی احاطے میں پہنچے تو نامزد وکلا نے ان پر حملہ کر دیا۔ تشدد کے دوران رجب بٹ کے پاس موجود بیگ بھی چھین لیا گیا، جس میں تین لاکھ روپے موجود تھے۔ بعد ازاں بیگ تو واپس کر دیا گیا تاہم رقم غائب تھی۔

میاں علی اشفاق کے مطابق حملہ آوروں نے انہیں اور ان کے دفتر کے دیگر وکلا کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں رجب بٹ کو زبردستی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کے پاس لے جا کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ دوسری جانب نامزد وکیل ریاض علی سولنگی کا مؤقف ہے کہ یوٹیوبر کی جانب سے سوشل میڈیا پر نامناسب زبان استعمال کرنے کے بعد یہ صورتحال پیدا ہوئی اور بعد ازاں رجب بٹ نے وکلا سے معذرت بھی کی۔

واقعے نے عدالتی احاطوں میں سکیورٹی اور قانون کی عملداری پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ وکلا تنظیموں اور سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے پر شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔

60 / 100 SEO Score

One thought on “سٹی کورٹ کراچی میں یوٹیوبر رجب بٹ پر تشدد کا معاملہ، ایک درجن سے زائد وکلا کے خلاف مقدمہ درج

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!