پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق باجوڑ کے علاقے خار میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجر عدیل زمان کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔
کورنگی مہران ٹاؤن میں کھلا گٹر ایک اور معصوم جان نگل گیا، 8 سالہ بچہ جاں بحق
آئی ایس پی آر کے مطابق نمازِ جنازہ میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میجر عدیل زمان شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر عدیل زمان شہید نے فرنٹ فٹ پر جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر ثابت قدم ہے اور شہداء کی قربانیاں قوم کے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق میجر عدیل زمان شہید کو ان کے آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
دریں اثنا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کی عیادت کی اور ان کی جرات، بہادری اور استقامت کو سراہا۔
