کراچی: ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے ایک بار پھر شہر قائد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد بھاری جرمانوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر شہری ون وے اور ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی نہ کریں تو انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کہ جرمانہ کتنا ہے۔
ای چالان کے بھاری جرمانوں میں کمی، علی خورشیدی کا عوامی مؤقف تسلیم کر لیا گیا
اپنے ایک بیان میں ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ لوگوں کو چالان ہوں گے اور پہلی بار معافی کے بعد شہری خلاف ورزی کے نتائج کے بارے میں سنجیدگی سے سوچیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ ون وے کی خلاف ورزی نہ کریں اور سگنل نہ توڑیں تو جرمانہ جتنا بھی ہو، مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔
پیر محمد شاہ نے بتایا کہ ای چالان سسٹم کے تحت زیادہ تر گاڑیوں کے چالان کیے گئے ہیں، جن میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنا، ہیلمٹ نہ پہننا اور اوور اسپیڈنگ جیسے عوامل شامل ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ شہر میں کئی مقامات پر ٹریفک سگنلز فعال نہیں، جس کی وجہ سے خلاف ورزیاں کم رپورٹ ہو رہی ہیں، تاہم بسوں کی چھت پر مسافروں کو بٹھانے پر بھاری چالان کیے جانے سے نمایاں فرق دیکھنے میں آیا ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ای چالان کے جرمانوں میں کمی کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے سینٹرل پولیس آفس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ اپوزیشن اراکین کو بھی ایک ہفتے کے اندر اپنی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
