کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی اور حق پرست اراکینِ اسمبلی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک بار پھر مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے ای چالان کے بھاری جرمانوں میں کمی کا مطالبہ کامیابی سے منوا لیا۔
کراچی میں دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر دو ماہ کی پابندی عائد
وزیر داخلہ سندھ کی صدارت میں ای چالان سے متعلق قائمہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں علی خورشیدی نے خصوصاً بائیک سواروں پر عائد بھاری جرمانوں کو ظلم قرار دیتے ہوئے سخت مؤقف اختیار کیا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ٹریفک نظام میں شفافیت اور قانون کی بالادستی کی حامی ہے، تاہم ایسے حالات میں جب کراچی کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوں، ٹریفک سگنلز غیرفعال ہوں اور لین مارکنگ تک موجود نہ ہو، تو شہریوں پر بھاری جرمانے عائد کرنا سراسر ناانصافی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے سوال اٹھایا کہ جب بنیادی سہولیات ہی فراہم نہ کی جائیں تو شہری ٹریفک قوانین پر مکمل عمل کیسے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف بینرز آویزاں کرنا مسئلے کا حل نہیں، بلکہ زمینی حقائق کے مطابق عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
علی خورشیدی کی مؤثر آواز اور مضبوط دلائل کے نتیجے میں ای چالان کے بھاری جرمانوں میں کمی پر پیش رفت ہوئی، جسے عوامی حلقوں نے خوش آئند قرار دیا ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہمیشہ مظلوم عوام کے حقوق کے لیے ہر دور میں آوازِ حق بلند کرتی آئی ہے اور عوامی مسائل کے مکمل حل تک جدوجہد جاری رکھے گی، جبکہ آئندہ بھی ہر فورم پر بلا خوف و خطر عوام کی نمائندگی کرتی رہے گی۔
