کراچی: کرسمس کے پرمسرت موقع پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کراچی ذیشان شفیق صدیقی نے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے پولیس اسٹاف کو اپنے دفتر میں مدعو کیا اور انہیں کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کی۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا بھاری جرمانوں کا دفاع، خلاف ورزی نہ کریں تو جرمانے کی فکر نہیں ہوگی: پیر محمد شاہ
اس موقع پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے مسیحی اسٹاف میں عیدی، مٹھائی اور پھول تقسیم کیے اور پولیس فورس میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کا پولیس فورس میں کردار قابلِ تحسین ہے اور وہ بلاامتیاز عوام کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔
ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور پولیس فورس میں شامل ہر افسر اور اہلکار ایک قیمتی اثاثہ ہے۔ خوشیوں کے یہ مواقع باہمی محبت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔
مسیحی اسٹاف نے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پولیس حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی جانب سے ایسے اقدامات بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کی عملی مثال ہیں۔
