کراچی: ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کی زیرِ صدارت کرسمس اور نیو ایئر کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے فوکل پرسنز اور معزز ذمہ داران نے حصہ لیا اور اپنے علاقوں میں گرجا گھروں، عبادت گاہوں اور کرسچن آبادیوں کے سیکیورٹی امور پر تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
پی این ای سی (PNEC – NUST) کی 37ویں کانووکیشن کراچی میں منعقد، 353 طلبہ کو ڈگریاں اور تمغے تقسیم
اجلاس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ایس ڈی پی اوز، متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور ڈی آئی بی انچارج بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی نے یقین دہانی کروائی کہ کرسمس اور نیو ایئر کے دوران ڈسٹرکٹ سینٹرل میں واقع تمام گرجا گھروں اور کرسچن آبادیوں میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ پولیس گشت، اسنیپ چیکنگ، داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی اور دیگر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے تمام افسران کرسچن کمیونٹی کے نمائندگان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے اور سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر کرسچن کمیونٹی کے ذمہ داران نے ایس ایس پی اور ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کا شکریہ ادا کیا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

