کراچی: شہریوں سے اسلحے کے زور پر موبائل فونز اور لیپ ٹاپ چھیننے والے گروہ کے خلاف شاہ لطیف پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی چھٹیوں کا اعلان، تعطیلات 22 دسمبر سے شروع ہوں گی
پولیس کے مطابق کارروائی ٹیکنیکل بنیادوں پر کی گئی، جس کے دوران گرفتار ملزمان شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹ مار کا نشانہ بنانے میں ملوث تھے۔ ملزمان مہران ہائی وے اور نیشنل ہائی وے کے اطراف واقع علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتیں کرتے رہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش گرفتار ملزمان نے اسٹریٹ کرائم کی کئی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے آئی فون، سام سنگ سمیت مختلف کمپنیوں کے موبائل فونز برآمد کیے گئے۔
مزید برآں پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 40 سے زائد موبائل فونز، دو عدد پسٹل بمعہ ایمونیشن، چار لیپ ٹاپ اور لوٹی گئی نقد رقم بھی برآمد کر لی ہے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت ساگر عرف شیبی، شہباز اور اللہ ڈنو کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ کی جانچ بھی کی جا رہی ہے۔
