کراچی: ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے پولیو مہم کے آغاز کے موقع پر ضلع جنوبی میں قائم مختلف پولیو کیمپس کا دورہ کیا اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔
شاہ لطیف پولیس کی کارروائی، اسلحے کے زور پر لوٹ مار کرنے والا ڈکیت گینگ گرفتار
اس موقع پر ایس ایس پی ساؤتھ نے پولیو ورکرز اور انتظامیہ سے ملاقات کی اور مہم کے انتظامات، حفاظتی اقدامات اور ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
مہزور علی نے پولیس جوانوں سے بھی خطاب کیا اور انہیں مکمل طور پر الرٹ رہنے، عوامی تعاون کے ساتھ پولیو ٹیموں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔
پولیو مہم کے دوران ضلع جنوبی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ٹیمیں پرسکون اور محفوظ ماحول میں اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ ایس ایس پی نے عزم ظاہر کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں اور سیکیورٹی اہلکاروں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ پولیو جیسے مہلک وائرس سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کی جا سکے۔
