کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) ڈسٹرکٹ ایسٹ کی ڈیمولیشن ٹیم پر ایڈمن سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کے دوران حملہ اور تشدد کا واقعہ پیش آیا۔ واقعہ پلاٹ B-190 بلاک 3 میں اس وقت رونما ہوا جب ایس بی سی اے اہلکار غیر قانونی تعمیر کو مسمار کرنے میں مصروف تھے۔
ناظم آباد میں پانی مافیا کا راج — شہری بنیادی حقِ پانی سے محروم، حکام خاموش
ذرائع کے مطابق ٹیم معمول کی کارروائی انجام دے رہی تھی کہ اچانک کچھ افراد نے اہلکاروں پر حملہ کر دیا، ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور انہیں آپریشن سے روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران علاقے میں کشیدگی بھی پیدا ہوئی تاہم ڈیمولیشن ٹیم نے کارروائی جاری رکھی اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تعمیرات کو جزوی طور پر منہدم کر دیا۔
ترجمان ایس بی سی اے کے مطابق غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن رات گئے تک جاری رہا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، جبکہ اہلکاروں پر حملہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لیے جاری مہم بلا تعطل جاری رہے گی اور ایس بی سی اے محفوظ، مضبوط اور قانون کے مطابق تعمیرات کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
