راولپنڈی: پاک فوج نے عراقی اسپیشل فورسز کی ٹریننگ کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عراقی فورسز کی خصوصی تربیت 24 ستمبر سے 29 نومبر تک نیشنل کاؤنٹر ٹیررزم سینٹر میں جاری رہی، جس میں مجموعی طور پر 446 ٹرینیز نے حصہ لیا۔
آفاق احمد: شہری سندھ کے لیے نیا صوبہ انصاف اور اختیار کی واپسی ہے
ٹریننگ کی گریجوایشن تقریب میں پاکستان اور عراق کے سینیئر فوجی عہدیداروں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران دونوں ممالک کے دستوں نے بہترین پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیت اور عزم کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تربیت کے دوران انسداد دہشت گردی کی صلاحیتوں، ٹیکٹیکل ڈرلز اور انٹیگریٹڈ مشن پلاننگ پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ ٹریننگ کے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے۔ اس تربیتی پروگرام سے پاکستان اور عراق کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون مزید مستحکم ہوا ہے۔
سری لنکا میں پاک بحریہ کی انسانی امداد
ادھر آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس سیف سری لنکا میں سمندری طوفان سے متاثرہ شہریوں کی امداد میں سرگرم ہے۔ پاک بحریہ کا جہاز انٹرنیشنل فلیٹ ریویو 2025 میں شرکت کے لیے کولمبو میں موجود تھا اور طوفان کے بعد فوری طور پر امدادی سرگرمیوں میں شامل ہو گیا۔
پاکستان نیوی نے سری لنکن حکام کو خوراک، خشک راشن، ادویات، فرسٹ ایڈ کٹس، ہنگامی آلات اور ضروری سامان پر مشتمل امدادی پیکج فراہم کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ امداد سری لنکا میں جاری قومی ریسکیو و ریلیف آپریشنز کو تقویت دے گی، جبکہ پاک بحریہ نے یہ بھی واضح کیا کہ امداد کا سلسلہ ضرورت کے مطابق جاری رکھا جائے گا۔
