کیرالا کے ضلع کوٹایم کے سیاحتی مقام کماراکم میں دلہن آوانی اس وقت خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئیں جب وہ 21 نومبر کو شادی کی تقریب کے لیے بیوٹی پارلر جا رہی تھیں۔ حادثے کے نتیجے میں آوانی کو ریڑھ کی ہڈی اور کولہے میں شدید چوٹیں آئیں، جبکہ موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا۔
بالِی وُڈ لیجنڈ دھرمیندر 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے شوبز انڈسٹری غم میں ڈوب گئی
ابتدائی طبی امداد کے بعد آوانی کو کوٹایم میڈیکل کالج سے وی پی ایس لیکشور ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ماہرینِ طب نے تفصیلی معائنے کے بعد صبح سرجری کا آغاز کیا جو کئی گھنٹوں بعد کامیابی سے مکمل ہوئی۔ اسپتال کے مطابق آوانی کی ریڑھ کی ہڈی کے L4 حصے کو شدید نقصان پہنچا تھا، تاہم اعصاب پر دباؤ کم کر دیا گیا ہے اور انہیں آئی سی یو میں خصوصی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
اس دوران دلہا شیرو اور دونوں خاندانوں نے صورتحال کے باوجود شادی منسوخ نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور اسپتال کی اجازت سے ایمرجنسی وارڈ میں نہایت سادگی کے ساتھ نکاح کی تقریب ادا کی گئی۔ تقریب میں صرف ڈاکٹرز، نرسیں اور قریبی رشتہ دار شریک ہوئے، جبکہ شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو کر صارفین کو معروف بولی وڈ فلم ویواہ کی یاد دلا گئی۔
دلہا شیرو نے گلف نیوز سے گفتگو میں کہا کہ سرجری کی کامیابی نے سب کو نئی امید دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اور آوانی کئی برس سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور اہلِ خانہ ان کے رشتے کو پہلے ہی قبول کر چکے تھے، مگر حادثے نے خوشیوں کو اچانک غم میں بدل دیا۔ شیرو نے یقین ظاہر کیا کہ آوانی مکمل صحت یاب ہو جائیں گی اور وہ ہر قدم پر ان کا ساتھ دیں گے۔
