میرپورخاص: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے میرپورخاص میں پولیس افسران و جوانوں کے اعزاز میں منعقدہ بڑے کھانے میں شرکت کی، جہاں ڈی آئی جیز میرپورخاص، شہید بے نظیرآباد، ایس ایس پیز، دیگر افسران اور ڈپٹی کمشنرز نے پرتپاک استقبال کیا۔
تقریب کے دوران آئی جی سندھ نے افسران و جوانوں میں اسناد تقسیم کیں اور سندھ پولیس کے مختلف منصوبوں پر دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ آئی جی سندھ نے خطاب میں کہا کہ "محکمہ پولیس میں ملازم 12 گھنٹے کام کرتا ہے، اس کی چھٹی ایک آسائش تصور کی جاتی ہے۔ ہمارا مشن عوام میں پولیس کی عزت قائم کرنا ہے اور یہ کام آپ سب کی محنت اور قربانی سے ممکن ہوا ہے۔”
ڈی آئی جیز نے آئی جی سندھ کی قیادت اور پولیسنگ میں متعارف کرائی گئی جدید اصلاحات و ماڈرن ٹیکنالوجی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ "آپ نے تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلیاں کیں اور مفاد عامہ کو ہمیشہ ترجیح دی۔ سندھ کے 40 تھانے ماڈل تھانہ بنائے گئے اور اس سال مزید تھانے ماڈل بنائے جائیں گے۔”
آئی جی سندھ نے کہا کہ "ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیسنگ آسان ہوئی ہے، کراچی میں 40 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے، جو کرائم اور دہشت گردی کی روک تھام میں معاون ثابت ہوئے ہیں۔” انہوں نے افسران و جوانوں سے کہا کہ عوام آپ سے اپنی حفاظت اور سیکیورٹی کی توقع رکھتی ہے، اور یہ ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔
اس سے قبل آئی جی سندھ نے میرپورخاص ڈویژن میں نئے تعمیر ہونے والے پولیس ریسٹ ہاؤس کی افتتاحی تقریب میں بھی مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
