کراچی: 35 ویں نیشنل گیمز 2025 کی تیاریوں کے لیے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی آن لائن صدارت وزیر کھیل و صدر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن سردار محمد بخش مہر نے کی۔
اجلاس میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر، ڈائریکٹر اسد اسحاق، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل خالد محمود، سندھ اولمپک کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، اصغر بلوچ، خالد رحمانی اور دیگر کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، آرمی، رینجرز، ایس ایس یو، واپڈا اور دیگر اداروں کے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں 35 ویں نیشنل گیمز کراچی کی تیاریوں، سیکیورٹی انتظامات اور 32 کھیلوں کی ایسوسی ایشنز و 14 محکموں کی بریفنگ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں میوزیکل پروگرام اور ڈرون شو منعقد کیا جائے گا، جس میں صدر آصف علی زرداری شرکت کریں گے۔ اختتامی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف شریک ہوں گے۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ “ہم سب کو مل کر نیشنل گیمز 2025 کو کامیاب بنانا ہے اور ملک بھر سے آنے والے مہمانوں کو بھرپور طریقے سے خوش آمدید کہیں گے۔ ہم تمام ایتھلیٹس کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔”
سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے کہا کہ حکومت سندھ اور محکمہ کھیل اپنے خصوصی فنڈز سے نیشنل گیمز کے مختلف وینیوز پر مرمتی اور ترقیاتی کام بھی کر رہے ہیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے خالد محمود نے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے شناختی کارڈز اور فارم فوری جمع کرانے کی ہدایت کی تاکہ انٹری کے وقت کسی قسم کی رکاوٹ یا مسئلہ پیش نہ آئے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کہا کہ ٹریفک پولیس مکمل ٹریفک پلان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور تمام اہلکار اپنے مقامات پر الرٹ رہیں گے۔ ایس ایس یو کمانڈوز نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں گے اور آرمی و رینجرز پولیس کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن میں رہیں گے۔
