کراچی میں جعلی بینک چالان نیٹ ورک کے خلاف ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، 2 ملازمین گرفتار

کراچی میں جعلی بینک چالان تیار کرکے سرکاری اداروں کو دھوکا دینے والے نیٹ ورک کے خلاف ایف آئی اے نے بڑی کارروائی کی ہے۔

ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت وقاص اور یامین کے نام سے ہوئی ہے۔

چھاپے میں 2 کروڑ روپے نقد برآمد

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ٹیم نے مین یونیورسٹی روڈ پر الہلال سوسائٹی میں سرچ وارنٹ کے تحت چھاپہ مارا۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 کروڑ روپے نقد، مختلف بینکوں کی مہریں اور پراپرٹی فائلیں برآمد ہوئیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان جعلی بینک چالان تیار کرکے سرکاری اداروں کو دھوکا دیتے تھے۔ ان چالانوں کے ذریعے بینکوں میں کوئی رقم جمع نہیں کرائی جاتی تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ برآمد ہونے والی 2 کروڑ روپے کی رقم مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں سے حاصل کی گئی تھی۔

ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین گرفتار

ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں گرفتار ملزمان ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ٹی ایم سی کے ملازم ہیں۔

ان میں سے ایک ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ جبکہ دوسرا ٹی ایم سی میں ڈسپیچ رائیڈر تعینات تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق جعلی بینک چالان تیار کرنے کے لیے مختلف بینکوں کی مہریں استعمال کی جاتی تھیں۔

نیٹ ورک میں دیگر سرکاری اہلکاروں کے ملوث ہونے کا شبہ

ایف آئی اے نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

ترجمان کے مطابق جعلی چالان نیٹ ورک میں دیگر سرکاری اہلکاروں کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے۔ حکام بینک عملے کے ممکنہ کردار کا بھی تعین کر رہے ہیں۔

ایف آئی اے نے نیٹ ورک سے منسلک دیگر عناصر کی تلاش شروع کردی ہے۔ حکام کی جانب سے مزید کارروائیوں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!