کراچی: اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) ہیڈ کوارٹرز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 50 کمانڈوز کو بیسک کاؤنٹر ٹیررزم ٹریننگ (BCT) کی کامیاب تکمیل پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ یہ تربیت نیول اسپیشل آپریشنز ٹریننگ سینٹر (NSOTC) نیول بیس بن قاسم میں چار ہفتوں پر محیط سخت کورس کے دوران دی گئی تھی۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن، ڈاکٹر مقصود احمد نے کمانڈوز کو کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ "یہ تربیت نہ صرف آپ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی بلکہ ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے مثبت تبدیلی لائے گی۔”
انہوں نے انسٹرکٹرز کی محنت کو بھی سراہا اور کہا کہ "یہ تربیت یونٹ کی مجموعی استعداد بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ معاون اداروں، خاص طور پر NSOTC کا تعاون بھی قابلِ قدر ہے۔”
تقریب کے دوران کمانڈوز کو بیجز بھی لگائے گئے، جو ان کی محنت اور کامیاب تربیت کا اعتراف تھے۔ کمانڈنٹ ایس ایس یو عامر خان نیازی اور دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد نے کمانڈوز کو ہدایت کی کہ وہ اسی جذبے اور عزم کے ساتھ میدانِ عمل میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں تاکہ عوام اور وطن کے لیے مؤثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
