کراچی (نمائندہ خصوصی) – اقوام متحدہ کی جاری کردہ رپورٹ ورلڈ اربنائزیشن پروسپیکٹس 2025 کے مطابق کراچی کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور توقع ہے کہ یہ صدی کے وسط تک دنیا کے بڑے شہروں کی فہرست میں شامل رہے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی 2025 سے 2030 کے درمیان دنیا کے 10 سب سے بڑے شہروں میں شمار ہو سکتا ہے اور 2050 تک اس کی متوقع آبادی تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ تک پہنچ کر دنیا کے پانچویں بڑے شہر کے طور پر ابھرے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ: پاک بھارت جنگ روکنے میں میرا کردار
رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ کراچی آبادی کے لحاظ سے قاہرہ (3 کروڑ 20 لاکھ)، ٹوکیو (3 کروڑ 10 لاکھ)، چین کے گوانگزو (2 کروڑ 90 لاکھ)، فلپائن کے منیلا (2 کروڑ 70 لاکھ) اور بھارت کے کولکتہ (2 کروڑ 40 لاکھ) کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 1975 میں دنیا میں صرف 8 بڑے شہر تھے، جو 2025 تک بڑھ کر 33 ہو گئے ہیں، اور ان میں سے نصف سے زیادہ یعنی 19 بڑے شہر ایشیا میں واقع ہیں۔ اندازوں کے مطابق 2050 تک دنیا میں 37 بڑے شہر ہوں گے۔
تیزی سے بڑھتے ہوئے شہر میں ڈھاکا صدی کے وسط تک دنیا کا سب سے بڑا شہر بننے کی توقع ہے، جبکہ ٹوکیو کی آبادی کم ہونے کے باعث اس کی درجہ بندی 2025 میں تیسرے نمبر سے گر کر 2050 میں ساتویں نمبر تک آ جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق 2025 میں دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد شہروں میں آبادی 20 ہزار افراد فی مربع کلومیٹر سے زائد ہے، اور کراچی سمیت بہت سے شہر دنیا کے سب سے بڑے شہروں میں شامل ہیں جہاں یہ دباؤ 25 ہزار افراد فی مربع کلومیٹر ہے۔
عالمی دیہی آبادی کے بارے میں پیشگوئی ہے کہ وہ 2040 کی دہائی کے دوران اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ کر پھر بتدریج کم ہونا شروع ہو جائے گی۔ بھارت اور چین اب سے 2050 تک شہروں میں سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے ممالک رہیں گے۔ 2000 سے 2025 کے درمیان دنیا کی شہری آبادی میں 1.25 ارب افراد کا اضافہ ہوا، جن میں سے نصف سے زیادہ اضافہ صرف چند ممالک کی وجہ سے ہوا۔ بھارت، چین، نائیجیریا، پاکستان اور امریکہ نے مجموعی طور پر عالمی شہری آبادی میں 50 کروڑ سے زائد اضافہ کیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ آج دنیا کی آبادی کے 45 فیصد افراد شہروں میں رہائش پذیر ہیں، جو 1950 میں صرف 20 فیصد تھی۔ دیہی آبادی شہر یا قصبوں کے مقابلے میں کم گنجان ہے، اور 2015 سے 2025 کے درمیان دنیا بھر میں 3 ہزار سے زائد شہروں کی آبادی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
