واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ انہوں نے پاک بھارت جنگ کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سعودی بزنس فورم سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی جنگ کے قریب تھے، جسے انہوں نے ساڑھے تین سو فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے کر روکا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں کہا گیا کہ آپ ایسا نہیں کر سکتے، جس پر انہوں نے کہا کہ میں کرنے والا ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ میں ایٹمی ہتھیار استعمال نہیں ہونے دوں گا، ورنہ لاکھوں لوگ ہلاک ہو سکتے ہیں اور نیوکلیئر ڈسٹ لاس اینجلس پر بھی پھیل سکتی ہے۔
ٹرمپ کے مطابق انہوں نے پاکستان اور بھارت کو پیغام دیا کہ اگر جنگ نہیں کریں گے تو اچھا تجارتی معاہدہ کر لیا جائے گا۔ اس کے بعد بھارتی وزیر اعظم نے فون کر کے کہا کہ وہ جنگ میں نہیں جائیں گے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں فون کر کے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے لاکھوں لوگوں کی جانیں بچائی ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے اس سے قبل بھی کئی بار پاک بھارت جنگ بندی کا ذکر کیا ہے اور حال ہی میں کہا کہ دنیا میں آٹھ بڑی جنگیں روکیں، جن میں پاک بھارت تنازعہ بھی شامل تھا۔
