کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد سے انصاف ٹرک ڈمپر ایسوسی ایشن اور آل ٹرک ڈمپر اونر ایسوسی ایشن کے مشترکہ وفد نے حاجی یوسف اور آغا میاں جان کی قیادت میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی گرینڈ الائنس کے سربراہ اسلم خان بھی شریک تھے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر شمشاد مرزا کو سعودی عرب کی اعلیٰ عسکری اعزاز سے نوازا گیا
وفد کے سربراہ نے کہا کہ انہیں حالیہ حادثات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ “کوئی انسان جان بوجھ کر چیونٹی بھی نہیں مارتا، انسان کو نقصان پہنچانا تو ممکن ہی نہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ حادثات کی وجوہات میں ڈرائیوروں کی غفلت یا قوانین پر عمل نہ کرنا شامل ہوسکتا ہے، تاہم بڑی وجہ سڑکوں کی تباہ حالی اور انتظامیہ کی سرپرستی میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات ہیں جن سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔
آفاق احمد نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پختونوں کو بھائی سمجھتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے ان کی جانب سے ہیوی ٹریفک قوانین کے نفاذ کی اپیل کو پیپلز پارٹی کی جانب سے لسانی رنگ دے کر پیش کیا گیا تاکہ شہر میں مہاجر–پختون کشیدگی کو ہوا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ "اس وقت سرحدوں پر کشیدگی کے حالات ہیں، ایسے میں تمام قومیتوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے۔ لیکن پیپلز پارٹی نے پختونوں کے ہوٹل سیل کر کے غیر یقینی صورتحال پیدا کی تاکہ پختون اپنے معاشی مسائل میں الجھ جائیں اور ملکی سلامتی کے لیے اپنی توجہ کم کر دیں۔”
آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر اور پختون ملک کی سلامتی اور استحکام کے ضامن ہیں، اور اختلافات کو بات چیت اور باہمی احترام کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں برداشت، رواداری اور اتحاد ہی ملک کو اندرونی و بیرونی چیلنجز سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

