اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الحامد الرویلی سے ملاقات کی۔
کراچی: یونیورسٹی روڈ پر کے فور منصوبے کے تحت پانی کی لائن بچھانے کے لیے 10 نومبر سے سڑک بند
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دورے کے دوران سعودی حکومت کی جانب سے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو “کنگ عبدالعزیز میڈل آف آنر (Excellent Class)” سے نوازا گیا، جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان عسکری تعلقات کے فروغ میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
سعودی عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کردار کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ ساتھ ہی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور دوطرفہ تعاون کو نئے عالمی اور خطائی تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
