کراچی چڑیا گھر کی مادہ ریچھ رانو کو خصوصی پروٹوکول کے ساتھ اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد رانو کی منتقلی کے لیے پاکستان ایئرفورس کا سی ون تھرٹی طیارہ استعمال کیا گیا۔
اے این ایف کی خیبر میں بڑی کارروائی 144 کلوگرام چرس برآمد
ذرائع کے مطابق، فیصل بیس کراچی سے رانو کو بذریعہ طیارہ اسلام آباد روانہ کیا گیا، جہاں اسے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ری ہیبیلیٹیشن سینٹر منتقل کیا جائے گا۔
اس سے قبل اعلیٰ سطحی اجلاس میں رانو کے ٹریننگ ریسپانس، جسمانی اور ذہنی فٹنس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رانو کی مکمل نگہداشت کے لیے ڈپٹی کنزرویٹر رینک کا افسر تعینات کیا جائے گا۔
کمیٹی ممبر اور معروف فلم میکر ماہرہ عمر نے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اور کراچی زو کی ٹیم کے ہمراہ رانو کے پنجرے میں رضامندی سے جانے کے لمحات کو ریکارڈ کیا۔
ترجمان کے مطابق، رانو کی منتقلی دو مرحلوں پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں اسے اسلام آباد کے ری ہیبیلیٹیشن سینٹر میں رکھا جائے گا، جب کہ دوسرے مرحلے میں منسٹری آف کلائمٹ چینج کے تعاون سے رانو کو گلگت بلتستان کے قدرتی ماحول میں منتقل کیا جائے گا۔
