کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بینائی سے محروم مگر عزم و ہمت کی مثال ارل حسین نے ملاقات کی، جنہوں نے 2024ء کے بیچ میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کر کے فارن سروس گروپ حاصل کیا۔
اے این ایف کی بڑی کارروائی: ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب، 3 گرفتار
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق، ارل حسین کی عمر 27 سال ہے اور وہ فارن سروس میں منتخب ہونے والے پہلے نابینا اُمیدوار ہیں۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے انہیں گلے لگا کر مبارکباد دی اور کہا کہ “آپ نے ہم سب کا سر فخر سے بلند کیا ہے، آپ اس بات کی زندہ مثال ہیں کہ اگر حوصلہ پختہ ہو تو کوئی محرومی راستہ نہیں روک سکتی۔”
ارل حسین نے بتایا کہ “فارن سروس میری پہلی چوائس تھی”، اور اپنی تعلیم کے بارے میں کہا کہ انہوں نے خصوصی افراد کے اسکول، سینٹ پیٹرکس کالج اور کراچی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔
ملاقات میں پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری ڈی ای پی ڈی طاحہٰ فاروقی، NOWPDP کے امین ہاشوانی، مصطفیٰ غازی اور اقرا ناگی شریک تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ “مجھے خوشی ہے کہ خصوصی بچے اب زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ہماری کوششیں خصوصی افراد کے لیے رنگ لا رہی ہیں۔”
ارل حسین نے وزیراعلیٰ سے گفتگو میں کہا کہ وہ پیپلز بس سروس استعمال کرتے ہیں جو بہترین سہولت فراہم کر رہی ہے، تاہم انہوں نے تجویز دی کہ “ایسا سسٹم بنایا جائے جس سے بینائی سے محروم افراد کو معلوم ہو سکے کہ کون سی بس آئی ہے۔”
وزیراعلیٰ سندھ نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت سندھ خصوصی افراد کے لیے مزید انکلوژو اقدامات کرے گی تاکہ وہ تعلیم، روزگار اور نقل و حرکت میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کریں۔
آخر میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ “میں چاہتا ہوں کہ صوبے بھر کے خصوصی بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور ان کی ترقی کے لیے ہم سب مل کر کردار ادا کریں۔”
