کراچی (اسٹاف رپورٹر) — صوبائی وزیرِ محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سعید غنی نے کہا ہے کہ ملاکھڑا سندھ کا قدیم اور روایتی کھیل ہونے کے ساتھ ساتھ ایک صحت مند تفریح بھی ہے، جسے فروغ دینے کے لیے سندھ حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا صنعتوں اور کسانوں کے لیے بجلی ریلیف پیکج کا اعلان
انہوں نے یہ بات چنیسر گوٹھ میں سید محمود شاہ بخاری کے 234 ویں سالانہ عرس کے موقع پر فٹبال گراؤنڈ میں منعقدہ ملاکھڑے کے مقابلے میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔
تقریب میں ٹاؤن چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی، مزار کے سجادہ نشین پیر وقار شاہ جیلانی، رکن سندھ اسمبلی آصف موسیٰ سمیت مختلف یوسیز کے چیئرمین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداران شریک تھے۔
مقابلے میں سندھ بھر کے معروف پہلوانوں نے حصہ لیا اور اپنی بہترین کارکردگی سے شائقین سے داد حاصل کی۔
اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ "میں مزار انتظامیہ اور منتظمین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے کراچی میں ملاکھڑے کے انعقاد کی روایت کو ہر سال برقرار رکھا ہوا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے اس ثقافتی کھیل میں صوبے بھر کے پہلوانوں کی شرکت نے تقریب کو چار چاند لگا دیے ہیں۔
سعید غنی نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت اس کھیل کے فروغ کے لیے پہلوانوں کی حوصلہ افزائی اور مختلف شہروں میں مزید مقابلوں کے انعقاد کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
