کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات کے زیرِ اہتمام فلم فیسٹول کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی تھے۔ پروگرام کی آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ امبر تھیں، جب کہ دیگر آرگنائزرز میں ڈاکٹر امبرین اور ارتضیٰ صدیق شامل تھیں۔
ڈراما جمع تقسیم نے مشترکہ خاندانی نظام کی تلخ حقیقتیں بے نقاب کر دیں
تقریب کے دوران وائس چانسلر نے وائس آف سندھ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما توقیر احمد کو شیلڈز پیش کیں۔ دیگر ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں وائس آف سندھ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر دانیال جیلانی اور کامران جاوید بھی شامل تھے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام معاشرے میں موجود محرومیوں اور نفسیاتی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹول میں پیش کی گئی فلموں میں گھریلو اور سماجی مسائل کو نہایت مؤثر انداز میں دکھایا گیا ہے، جو طلبہ کی تخلیقی سوچ اور سماجی آگاہی کی عکاسی کرتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ کراچی کے مختلف شعبوں کے طلبہ نے اپنی فلمیں تیار کر کے جیوری کے سامنے پیش کیں، جس سے ان میں اعتماد اور عملی تجربے کا اضافہ ہوا۔
انہوں نے زور دیا کہ “یہ حقیقت ہے کہ انسان ایک معاشرتی حیوان ہے، اور کسی کو پہنچائی جانے والی سب سے بڑی اذیت جسمانی نہیں بلکہ نفسیاتی ہوتی ہے۔”
ڈاکٹر خالد عراقی نے عالمی ادارۂ صحت (WHO) کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں 970 ملین افراد ذہنی و نفسیاتی مسائل میں مبتلا ہیں، جن میں خواتین کی شرح 52.4 فیصد اور مردوں کی 47.6 فیصد ہے۔
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر انیلہ امبر، ڈاکٹر عمیر، توقیر احمد اور دانیال جیلانی نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو ایوارڈز اور سرٹیفیکیٹس سے نوازا۔

