سندھ حکومت کا تعلیمی انقلاب — طلبہ کی حاضری کی نگرانی کے لیے ’اسٹوڈنٹ اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم‘ کا آغاز

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اسٹوڈنٹ اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم (SAMRS) سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ، چیف سیکریٹری سید آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

رینجرز کا کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف آپریشن، ملیر سمو گوٹھ سے خطرناک ڈاکو گرفتار

وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلبہ کی حاضری کی مؤثر نگرانی اور شکایات کے ازالے کے لیے نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ ایک مضبوط اور باصلاحیت افرادی قوت کی بنیاد ہے، اس لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ SAMRS نظام طلبہ کی غیر حاضری کے اسباب کی نشاندہی کرے گا اور تدریسی مسائل کے بروقت حل کو بھی یقینی بنائے گا۔ انہوں نے اسے محکمہ اسکول ایجوکیشن کا ایک تاریخی منصوبہ قرار دیا، جو سندھ ارلی لرننگ انہانسمنٹ تھرو کلاس روم ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کے تحت تیار کیا گیا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں یہ نظام 12 اضلاع کے 600 اسکولوں میں نافذ کیا جائے گا جبکہ بعد ازاں اسے پورے صوبے کے تعلیمی اداروں تک توسیع دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کے مطابق یہ نظام ورلڈ بینک اور گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن کی معاونت سے تیار کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ SAMRS ایک ٹیکنالوجی پر مبنی نظام ہے جو طلبہ کے اسکول چھوڑنے کی شرح میں کمی لائے گا۔ اس نظام کے ذریعے اساتذہ اور طلبہ دونوں کی کارکردگی مانیٹر کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ نظام آف لائن موبائل ایپ کے ذریعے روزانہ اسکولوں سے حاضری اور دیگر اہم معلومات جمع کرے گا۔ وزیر تعلیم نے اسے تعلیم کے شعبے میں سندھ حکومت کا انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے بتایا کہ یہ نظام جنوبی ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکا کے لیے ماڈل ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس نظام کی باضابطہ تقریب رونمائی جلد منعقد کی جائے گی، جس میں ورلڈ بینک اور دیگر ترقیاتی اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ تعلیم میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ طلبہ کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہی سندھ کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت ناگزیر ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق، یہ اقدام صوبے میں معیاری تعلیم اور حاضری کے شفاف نظام کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

One thought on “سندھ حکومت کا تعلیمی انقلاب — طلبہ کی حاضری کی نگرانی کے لیے ’اسٹوڈنٹ اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم‘ کا آغاز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!